لیگی رکن پنجاب اسمبلی علی حسین خان انتقال کرگئے
رکن پنجاب اسمبلی علی حسین خان انتقال
علی حسین خان کی نماز جنازہ تحصیل نور پور تھل کے علاقے جمالی بلوچاں میں ادا کی جائے گی/ فائل فوٹو
خوشاب: (سنو نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی علی حسین خان انتقال کر گئے، وہ گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے اور لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ کافی عرصے سے ڈاکٹروں کی نگرانی میں تھے۔

ذرائع کے مطابق علی حسین خان کی نماز جنازہ تحصیل نور پور تھل کے علاقے جمالی بلوچاں میں ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے، جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔ مقامی افراد اور پارٹی کارکنان کی جانب سے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے معروف تاجر عامر اعوان جاں بحق

مرحوم علی حسین خان حلقہ پی پی 83 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور اپنے حلقے میں عوامی خدمت، سادہ مزاجی اور عوامی رابطے کے حوالے سے پہچانے جاتے تھے۔ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں علاقے کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سردار علی حسین بلوچ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک مخلص اور عوام دوست رہنما تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

علاوہ ازیں، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے بھی تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی مدتوں محسوس کی جائے گی۔