اسلام آباد : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے معروف تاجر عامر اعوان جاں بحق
وفاقی دارالحکومت کے ایک پوش ایریا میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں معروف تاجر عامر اعوان جاں بحق ہو گئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی دارالحکومت کے ایک پوش ایریا میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں معروف تاجر عامر اعوان جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز ایک فارم ہاؤس پر پیش آیا، جہاں مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کی، فائرنگ سے تاجر عامر اعوان شدید زخمی ہوئے تھے، جو آج دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے، واقعے کی تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں پیش آیا جہاں معروف آٹو موبائل کمپنی کے مالک کو نشانہ بنایا گیا۔

تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس نے خونی ڈکیتی کے واقعے کا مقدمہ مقتول عامر اعوان کی اہلیہ کی مدعیت میں درج کر لیا۔

مقدمہ کے متن میں مدعیہ نے مؤقف اپنایا کہ تین مسلح ملزمان رات کی تاریکی میں گھر میں داخل ہوئے، ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے میرے شوہر شدید زخمی ہوگئے۔

مدعیہ کے مطابق ملزمان نے گارڈز ارمان اور کلیم اللہ سے گن، موبائل فون اور نقدی بھی چھینی، ملزمان نے گارڈز کو کمرے میں بند کرکے حبس بیجا میں رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کو بڑا ریلیف دے دیا

مقدمہ کے مطابق ملزمان نے ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہو کر میرے شوہر ، بچوں اور گارڈز پر سیدھی فائرنگ کی۔

دوسری جانب وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال وفاقی دارالحکومت میں مجموعی جرائم میں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور اس سنگین واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے تمام حقائق میڈیا کے سامنے لائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی ایسے اندھے قتل کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا اور مجرموں کو قانون کے مطابق سزائیں دی گئیں۔