گرمی کی شدید لہر، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کیا/ فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 11 اپریل کے بعد صوبے میں درجہ حرارت بتدریج بڑھنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں کئی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں، پیشگوئی کے مطابق رات کا درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری جبکہ دن ک ا درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کی دھواں دار واپسی

این ڈی ایم اے کے مطابق دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ اور قریبی علاقوں میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی جبکہ جامشورو، قمبر شہدادکوٹ، گھوٹکی، خیرپور، سانگھڑ، عمر کوٹ اور کشمور میں بھی ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، اس کے علاؤہ جھل مگسی، اوستہ محمد اور ڈیرہ مراد جمالی میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

ادھر پنجاب کے جنوبی اضلاع بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی ہیٹ ویو الرٹ کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنائیں۔ بزرگوں، بچوں اور محنت کش افراد کا خاص خیال رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کیا جا رہا ہے جبکہ عوام کو بھی موسمی صورتحال سے باخبر رکھنے کے لیے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔