خیبرپختونخوا: کاروبار کیلئے نیا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف
خیبرپختونخوا حکومت
خیبرپختونخوا نے کاروباری مراکز کیلئے نیا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرایا/ فائل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں کاروباری مراکز کیلئے نیا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا گیا جس کا مقصد ادائیگی پر اضافی چارجز کی روک تھام اور شفاف مالی نظام کا نفاذ ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے معیشت کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ڈیجیٹل پیمنٹ ایکٹ 2026 صوبائی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ مجوزہ قانون کے تحت تمام کاروباری مراکز دکانیں، تعلیمی ادارے، کلینکس اور اسپتالوں کو ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقے اپنانا ہوں گے جبکہ صارفین کی سہولت کے لیے کیو آر کوڈ آویزاں کرنا لازم لازمی قرار دیا گیا ہے، حکام کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگی پر کسی قسم کے اضافی چارجز وصول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: حصص بازار میں شدید مندی، سرمایہ کار پریشان

قانون میں خلاف ورزی پر جرمانوں کی تجویز بھی شامل ہے جبکہ مجاز افسران کو اختیار دیا جائے گا کہ وہ کاروباری مراکز کا معائنہ کر کے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کی جانب سے پیش کیے گئے اس بل کا مقصد کیش لیس معیشت کو فروغ دینا اور مالی شفافیت کو مضبوط بنانا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے لین دین کا نظام آسان ہوگا اور نقد رقم پر انحصار کم ہوگا۔

کاروباری طبقے کی سہولت کے لیے نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کو دو سال تک ٹیکس میں رعایت دی جائے گی جبکہ بینک اور سروس فراہم کرنے والے ادارے تکنیکی معاونت فراہم کریں گے تاکہ ڈیجیٹل نظام کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق اس قانون سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں آسانی آئے گی بلکہ صارفین کو بھی محفوظ اور تیز رفتار ادائیگی کی سہولت میسر ہوگی۔