سندھ: سکول وینز کے کرائے نہ بڑھانے کا حکمنامہ جاری
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں اسکول وینز کے کرائے نہ بڑھانے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں اسکول وینز کے کرائے نہ بڑھانے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ نے صوبپ بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو مراسلہ جاری کر دیا، سندھ حکومت کی جانب سے طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ ٹرانسپورٹ فیس میں اضافے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ اسکولز اور والدین کی جانب سے چلنے والی ٹرانسپورٹ پر کرایہ بڑھانے کی اجازت نہیں۔

مراسلہ میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود طلبہ ٹرانسپورٹ چارجز برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور والدین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے سے روکنے کے لیے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ سندھ کا موٹر سائیکل سواروں کو 2 ہزار روپے دینے کا اعلان

سندھ حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو سہولیات فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور اس ضمن میں تمام تعلیمی اداروں کو حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلہ میں اسکولوں کو طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ سروسز کا مکمل ڈیٹا لازمی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فیصلے کا اطلاق اسکول انتظامیہ یا نجی انتظام کے تحت چلنے والی ٹرانسپورٹ دونوں پر ہو گا، تمام وینز اور ٹرانسپورٹ سروسز کی تفصیلات حکومت کو جمع کرائی جائیں، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہو سکتی ہے۔