190ملین پاؤنڈکیس:عمران خان و اہلیہ کی سزا معطلی کی درخواست پر اہم پیشرفت
190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ز کیس کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔

رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے کاز لسٹ جاری کر دی گئی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کریں گے۔

علاوہ ازیں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی سزامعطلی کے حوالے سے دائر درخواست پہلے سننے کی متفرق درخواست بھی کل سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکیل کی ملاقات کرانے کی متفرق درخواست کو بھی کل سماعت کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں دونوں درخواستوں پر مرکزی کیس کے ساتھ سماعت ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے طبی معائنے، ہسپتال منتقلی کی درخواست پر فیصلہ جاری

ذہن نشین رہے کہ 17 جنوری 2025 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اس کے علاوہ، عدالت نے بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنا دی تھی، جس کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر عمران خان کو مزید 6 ماہ جب کہ بشریٰ بی بی کو 3 ماہ کی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔