ملک میں پیٹرولیم مصنوعات وافر مقدار میں ہیں: مشیر وزیر خزانہ
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کے حوالے سے عوامی خدشات کو مسترد کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کے حوالے سے عوامی خدشات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں تیل کی سپلائی مکمل طور پر مستحکم ہے اور کسی قسم کی کمی کا کوئی خطرہ نہیں۔

تفصیلات کے مطابق خرم شہزاد نے بتایا کہ ماضی میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ تقریباً 24 دن کے لیے کافی ہوتا تھا، تاہم اب اسے بڑھا کر چار ہفتوں تک کر دیا گیا ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے، حکومت نے مارچ اور اپریل کے مہینوں کے لیے بھی مناسب ذخائر محفوظ کر لیے ہیں، جس کے باعث عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا اسرائیل میں کیمیکل پلانٹ پر حملہ، ہنگامی صورتحال نافذ

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور خطے میں جاری کشیدگی کے باوجود پاکستان نے اپنی سپلائی چین کو بہتر انداز میں منظم کیا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور بروقت فیصلے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، جس سے ملک میں ایندھن کی فراہمی مسلسل جاری ہے۔

مشیر وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نہ صرف پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کو یقینی بنا رہی ہے بلکہ مالیاتی نظم و ضبط پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر ضروری اخراجات میں نمایاں کمی کر کے تقریباً سوا ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی ہے، جو حکومتی کفایت شعاری پالیسی کا عملی مظہر ہے۔

خرم شہزاد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور غیر ضروری خریداری یا ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں، تاکہ مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی مفاد میں ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، تاہم عوام کا تعاون بھی نہایت ضروری ہے تاکہ معاشی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔