غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے میزائل کے ذریعے جنوبی اسرائیل میں واقع ایک کیمیکل پلانٹ کو نشانہ بنایا، جس کے بعد حکام نے قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی میزائل نے بیر شیبہ میں واقع ایک صنعتی پلانٹ کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا، جہاں ایرانی میزائل مبینہ طور پر عین ہدف پر لگا، حملے کے بعد پلانٹ سے انتہائی خطرناک کیمیکل کے اخراج کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ایمرجنسی سروسز کے مطابق اس حملے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے، جبکہ مزید نقصانات کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
حکام کے مطابق صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی اور امدادی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا بحرین میں المونیم تنصیبات پر بڑا حملہ
دوسری جانب اسرائیلی حکام نے اس اسٹریٹیجک فیسیلٹی سے متعلق خبروں اور معلومات کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کے باعث مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
ادھر ایرانی فوج کی جانب سے اردن میں امریکی فوجی اڈے کو بھی ڈرون حملے سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ایرانی فوج کیجانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے اردن کے قصبے ازرق میں واقع موفق السلطی ایئر بیس پر ڈرون حملے کیے ہیں، اردن میں موجود موفق السلطی ایئر بیس ایران پر فضائی حملوں کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔