جیٹ فیول کی قیمت میں ایک بار پھر 83 روپے فی لیٹر اضافہ
جیٹ فیول
ملک میں ہوائی جہاز کے ایندھن جیٹ فیول کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کیا گیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں ہوائی جہاز کے ایندھن جیٹ فیول کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کر دیا گیا، جس کے بعد یہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 83 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 471 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ صرف ایک ماہ کے دوران اس ایندھن کی قیمت میں مجموعی طور پر 283 روپے فی لیٹر کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو فضائی صنعت کے لیے تشویشناک صورتحال پیدا کر رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق یکم مارچ 2026 کو جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے فی لیٹر تھی، تاہم مارچ کے دوران اب تک یہ چوتھی مرتبہ ہے کہ اس کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مسلسل اضافے کے باعث ایئر لائنز کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث فضائی آپریشنز جاری رکھنا ایئر لائنز کے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے، جبکہ اس کے اثرات براہِ راست مسافروں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو ہوائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

فضائی شعبے سے وابستہ حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی صورت میں نہ صرف کرایوں میں اضافہ ہوگا بلکہ پروازوں کی تعداد میں بھی کمی کی جا سکتی ہے، جس سے مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دوران حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا، جس کے بعد عوام پر مالی بوجھ مزید بڑھ گیا۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفیکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 4 روپے 66 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا کر دیا گیا ہے، اور اس اضافے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 433 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ قیمت 428 روپے 74 پیسے فی لیٹر تھی۔