شہبازشریف کیجانب سے ہتک عزت کا کیس، عمران خان کی اپیل مقرر
سپریم کورٹ آف پاکستان میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دائر ہتک عزت کے کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دائر ہتک عزت کے کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ 31 مارچ کو کیس کی سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہتک عزت کیس کے ٹرائل پر شواہد ریکارڈ کرنے کے عمل پر اعتراض اٹھا رکھا ہے۔

یاد رہے کہ 2017 میں پاناما کیس کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شہبازشریف پر 10 ارب روپے کی پیشکش کا الزام لگایا تھا جسے شہباز شریف نے غلط قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کیخلاف ہتک عزت کا کیس، وزیراعظم شہباز شریف طلب

درخواست میں کہا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، جن کے بڑے بھائی نواز شریف وزیراعظم پاکستان کے عہدے پر تعینات ہیں، کا تعلق انتہائی معزز گھرانے سے ہے اور عوامی خدمت و فلاح و بہبود کی بنا پر درخواست گزار کا قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہت عزت و احترام کیا جاتا ہے۔

شہباز شریف کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے من گھڑت الزام سے شہرت متاثر ہوئی، عدالت عمران خان کو دس ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔