صدر اور وزیراعظم کی ایرانی سپریم لیڈر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایرانی سپریم لیڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایرانی سپریم لیڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ علی خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات اور خطے میں کشیدگی کم ہونے اور استحکام کی امید کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود امن اور بہتری کی امید ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم نے ایران کے رہبر معظم سید مجتبیٰ خامنہ ای کے نام خط لکھا جس میں ان کے والد محترم، اسلامی جمہوریہ ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور مجتبیٰ خامنہ ای کو سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں ایران کے برادر عوام اور وسیع تر امت مسلمہ کے لیے پاکستانی عوام کی تعزیت اور دعاؤں کا اظہار کیا۔

محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی وجہ سے پاکستانی عوام شدید دکھ میں ہے اور اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی وزیر دفاع کا نئے ایرانی سپریم لیڈر کو اہم پیغام

وزیر اعظم نے اہم ذمہ داری کو سنبھالنے پر رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت آنے والے سالوں میں امن، استحکام، وقار اور خوشحالی کی طرف ایران کی رہنمائی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں۔

وزیر اعظم نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دونوں برادر ممالک کے مفاد کے لیے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

اپنے خط میں وزیراعظم نے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت، کامیابی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔ 

ضرور پڑھیں