واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے یہ حکم ملزم کی مسلسل عدم حاضری کے باعث جاری کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد میں مقدمے کی سماعت سینئر سول جج عباس شاہ نے کی، سماعت کے دوران سہیل آفریدی عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزم کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی ہے، عدالت کی جانب سے جاری احکامات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وارنٹ کی تعمیل کو یقینی بنائیں۔
خیال رہے کہ سہیل آفریدی کیخلاف الیکٹرانک جرائم سے متعلق قانون کے تحت مقدمہ درج ہے، تحقیقاتی ادارے کے مطابق ان پر ریاستی اداروں کیخلاف گمراہ کن الزامات لگانے اور اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سہیل آفریدی کا موٹرسائیکل سواروں کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان
حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کی گئی بعض پوسٹس اور بیانات کو شواہد کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد متعلقہ ادارے ملزم کو گرفتار کر کے عدالت کے سامنے پیش کرنے کے پابند ہوتے ہیں۔ اس کیس کی آئندہ سماعت میں عدالت مزید قانونی کارروائی کا جائزہ لے گی اور تفتیشی رپورٹ بھی طلب کی جا سکتی ہے۔