اوگرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 130 روپے 8 پیسے فی لیٹر کا تاریخی اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 318 روپے 81 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمتوں کا اطلاق 7 مارچ سے کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 188 روپے 73 پیسے فی لیٹر تھی، تاہم حالیہ اضافے کے بعد اس کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ حالیہ برسوں میں مٹی کے تیل کی قیمت میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ
اوگرا کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مٹی کے تیل کے ساتھ ساتھ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے 82 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 235 روپے 1 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اس اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے پر بھی اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر پٹرولیم لیوی عائد کی گئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر لیوی مقرر کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث حکومت کو قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ رات پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا جس کے بعد ملک میں ایندھن کی مجموعی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔ حکام کے مطابق مستقبل میں بھی عالمی منڈی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔