پولیس کے مطابق واردات میں دکان کا اپنا ہی ملازم ملوث نکلا، ملزم شوکت علی 800 ملی گرام سونا چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اس سے قبل بھی متعدد بار سونا چوری کر چکا ہے۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ چوری شدہ سونے کا مجموعی وزن ڈیڑھ کلوگرام سے زائد جبکہ مالیت 7 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی گئی ہے، پولیس نے دکاندار محمد اویس کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا جبکہ شواہد کی بنیاد پر اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں بھی لاہور کے علاقہ اچھرہ کی لطیف جیولرز مارکیٹ سے مبینہ طور پر 20 کلو سے زائد سونا غائب ہوا تھا، متعدد جیولرز نے سونا شیخ وسیم اختر کے پاس بطور امانت رکھا تھا۔
متاثرہ تاجروں نے دعویٰ کیا کہ شیخ وسیم اختر کئی روز سے دکان پر نہ آئے تو تاجروں نے تالے توڑ کر لاکر چیک کیا، لاکر کھولا گیا تو 20 کلو سے زائد سونا غائب تھا،غائب شدہ سونے کی مالیت تقریباً ایک ارب روپے کے قریب تھی، بعدازاں تاجر کو پولیس نے اسلام آباد سے گرفتار کر لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بیس کلو سونے کے غبن کا معاملہ، تھانہ اچھرہ میں مقدمہ درج
ادھر لاہور کے علاقہ نشتر کالونی میں گھریلو ملازم خواتین 80 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور گھڑیاں چوری کر کے فرار ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق ملازمہ اور اس کی بہن پہلے دن کام پر آئیں اور واردات کر ڈالی، گھریلو ملازمہ 11 تولے کے تلائی زیورات اور 5 قیمتی گھڑیاں چوری کر کے فرار ہو گئیں۔
پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ملازمہ کو گھر کے مالی نے کام پر رکھوایا تھا، مالی محمد رضا زیر حراست ہے ، واردات 27 فروری کو ہوئی جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔