رپورٹ کے مطابق پولیس نے سنار محمد احمد صدیقی کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کیا ہے، مقدمہ امانت میں خیانت کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق 2 کروڑ 25 لاکھ روپے مالیت کے سونے کا مقدمہ درج کیا گیا ، تاجر کا 2 کروڑ 25 لاکھ روپے مالیت کا سونا شیخ وسیم اختر نامی تاجر لیکر رفو چکر ہو گیا، وسیم اختر کے پاس امانتاً 590 گرام سونا رکھوایا تھا۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ وسیم اختر کراچی گیا پھر واپس نہیں آیا ، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: بسنت میلہ، پتنگ سازوں کی رجسٹریشن فیس مقرر
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقہ اچھرہ کی لطیف جیولرز مارکیٹ سے مبینہ طور پر 20 کلو سے زائد سونا غائب ہوا تھا، متعدد جیولرز نے سونا شیخ وسیم اختر کے پاس بطور امانت رکھا تھا۔
متاثرہ تاجروں نے دعویٰ کیا کہ شیخ وسیم اختر کئی روز سے دکان پر نہ آئے تو تاجروں نے تالے توڑ کر لاکر چیک کیا، لاکر کھولا گیا تو 20 کلو سے زائد سونا غائب تھا،غائب شدہ سونے کی مالیت تقریباً ایک ارب روپے کے قریب تھی۔
شیخ وسیم کا کوئی اتا پتا نہیں، دکانداروں نے غبن کا الزام لگا دیا، متاثرہ دکانداروں نے واقعے کی درخواست اچھرہ تھانہ میں جمع کرا دی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے کہا کہ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔