بسنت میلہ: پتنگ سازوں کی رجسٹریشن فیس مقرر
لاہورکی ضلعی انتظامیہ نے بسنت کے لئے پتنگ سازوں کی رجسٹریشن فیس کی تفصیلات جاری کر دیں۔
فائل فوٹو
لاہور : (سنو نیوز) لاہورکی ضلعی انتظامیہ نے بسنت کے لئے پتنگ سازوں کی رجسٹریشن فیس کی تفصیلات جاری کر دیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈور اور پتنگ بنانے والے مینوفیکچررز کی رجسٹریشن فیس ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈور اور پتنگ فروخت کرنے والے ٹریڈرز اور دوکاندار کی رجسٹریشن فیس ایک ہزار روپے ہو گی جبکہ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کی فیس 5 ہزار روپے رکھی گئی ہے، پتنگ سازوں اور ڈور بنانے والوں کی رجسٹریشن کے لیے فارم اے استعمال ہو گا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن کے لیے فارم سی استعمال ہو گا۔

دوسری جانب لاہور میں محفوظ اور منظم بسنت کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اے سیز کی سربراہی میں خصوصی انفورسمنٹ سکواڈ تشکیل دے گی، رجسٹرڈ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز بھی سکواڈ کا حصہ ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا لاہور میں بسنت کی تاریخ کا اعلان

خصوصی سکواڈ کسی بھی وقت سیلر و ٹریڈرز گوداموں کی چیکنگ کر سکیں گے، دوران چیکنگ شیڈول ون کی خلاف ورزی پر فوری رجسٹریشن کینسل اور قانونی کارروائی ہو گی، رجسٹرڈ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز بطور سپورٹیو باڈی کام کریں گی،خود کوئی بھی انفورسمنٹ نہیں کر سکیں گی۔

رجسٹرڈ ایسوسی ایشنز تصدیق کی پابند ہونگی کہ گڈوں کے سائز، مانجا ، کاٹن ڈور شیڈول ون کے مطابق تیار کیے گئے ہیں، رجسٹرڈ ایسوسی ایشن محفوظ بسنت کے لیے ڈی سیز کو اسسٹ کریں گی۔

انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پتنگ کا سائز 40 انچ سے زائد نہیں ہو گا، گڈا 30 انچ سے زائد چوڑائی کا نہیں ہو گا، ڈور کاٹن سے تیار کردہ دھاگے سے بنائی جائیگی جس میں نو سے زائد تاریں نہیں ہوں گی۔

اسی طرح مانجا میں گلو، سادہ رنگ ، آٹا اور کمزور شیشے کا استعمال کیا جا سکے گا تاہم ڈور کے لیے صرف پنے کی اجازت ہوگی ، چرخی نہیں بنائی جا سکے گی، تیز مانجا ، تندی، دھاتی تار اور کیمیکل ممنوع ہو گی۔