پنجاب حکومت کا لاہور میں بسنت کی تاریخ کا اعلان
پنجاب حکومت
پنجاب حکومت نے طویل انتظار کے بعد لاہور میں بسنت منانے کی باضابطہ تاریخ کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت نے طویل انتظار کے بعد لاہور میں بسنت منانے کی باضابطہ تاریخ کا اعلان کر دیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت فیسٹیول 2025 کی منظوری دیتے ہوئے اس تہوار کو 6، 7 اور 8 فروری کو لاہور میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے بسنت کا انعقاد سکیورٹی خدشات، پتنگ بازی سے متعلق حادثات اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے باعث معطل رہا۔ تاہم رواں برس پنجاب حکومت نے متعدد حکومتی و انتظامی مشاورتوں کے بعد بسنت کے محدود اور محفوظ انعقاد کی منظوری دی، تاکہ ثقافتی ورثے کو بحال کیا جا سکے اور شہری اس تاریخی تہوار سے لطف اندوز ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں بسنت منانے کی ممکنہ تاریخیں سامنے آگئیں

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے بسنت کے انعقاد کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان مرتب کیا جا رہا ہے۔ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے پولیس، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ پتنگ سازی، خرید و فروخت اور پتنگ بازی کے لیے مخصوص قواعد و ضوابط طے کیے جائیں گے جبکہ خطرناک دھاتی ڈور، کیمیکل ڈور اور گلے کاٹنے والی ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔

صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بسنت لاہور کی پہچان اور ثقافتی روایت ہے، جسے محفوظ ماحول میں دوبارہ زندہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت پہلی ترجیح ہے، اسی لیے انتظامیہ کو واضح احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فیسٹیول کے دوران شہر میں خصوصی تزئین و آرائش، فاملی ایونٹس، فوڈ اسٹریٹس کی سرگرمیاں اور سیاحتی پروگرام بھی ترتیب دیے جا رہے ہیں تاکہ لاہور کے باسیوں کے ساتھ ساتھ ملکی و غیر ملکی سیاح بھی اس تہوار کا لطف اٹھا سکیں۔