عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی جیل میں ملاقات
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ و سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ملاقات کروا دی گئی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ و سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ملاقات کروا دی گئی۔

جیل ذرائع کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ان کے شوہر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان 40 منٹ تک ایک دوسرے کے ساتھ رہے۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات جیل حکام کی نگرانی میں طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت کروائی گئی جس میں دونوں میاں بیوی کو ایک دوسرے سے بات چیت کا موقع ملا۔

جیل ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں میاں بیوی نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی، ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے اپنی صحت اور آنکھ کے علاج سے متعلق اہلیہ کو آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ جیل مینوئل کے مطابق اس سے قبل بھی متعدد بار عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرائی گئی تھی جس میں دونوں نے ساتھ وقت گزارا۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل قواعد و ضوابط کے مطابق ہرہفتے میں ایک دفعہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقات کرائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت مختلف مقدمات کے سلسلے میں اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید ہیں،جہاں ان کے کیسز کی عدالتی کارروائیاں جاری ہیں۔

قبل ازیں اڈیالہ جیل میں پمز ہسپتال اور الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا معائنہ کیا ہے۔

اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق پمز ہسپتال اور الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے ڈاکٹرز کی مشترکہ ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی، میڈیکل ٹیم میں الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے ریٹینا اسپیشلسٹ ڈاکٹر ندیم قریشی جبکہ پمز کے ماہر امراض چشم ڈاکٹر عارف اور ڈاکٹر اوصل بھی شامل بھی شامل تھے۔

جیل ذرائع نے بتایا کہ میڈیکل ٹیم کے ہمراہ جدید طبی آلات سے لیس گاڑی بھی جیل پہنچی، میڈیکل ٹیم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا تفصیلی معائنہ کیا، میڈیکل ٹیم کو جیل اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملےکی بھی معاونت حاصل رہی۔

بعدازاں ڈاکٹرز کی ٹیم بانی پی ٹی آئی عمران خان کا فالو اپ چیک اپ کرنے کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔ 

ضرور پڑھیں