پمز اور الشفاء آئی ٹرسٹ کے ڈاکٹرز کا عمران خان کی آنکھ کا معائنہ
اڈیالہ جیل میں پمز ہسپتال اور الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا معائنہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) اڈیالہ جیل میں پمز ہسپتال اور الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا معائنہ کیا ہے۔

اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق پمز ہسپتال اور الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے ڈاکٹرز کی مشترکہ ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی، میڈیکل ٹیم میں الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے ریٹینا اسپیشلسٹ ڈاکٹر ندیم قریشی جبکہ پمز کے ماہر امراض چشم ڈاکٹر عارف اور ڈاکٹر اوصل بھی شامل بھی شامل تھے۔

جیل ذرائع نے بتایا کہ میڈیکل ٹیم کے ہمراہ جدید طبی آلات سے لیس گاڑی بھی جیل پہنچی، میڈیکل ٹیم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا تفصیلی معائنہ کیا، میڈیکل ٹیم کو جیل اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملےکی بھی معاونت حاصل رہی۔

بعدازاں ڈاکٹرز کی ٹیم بانی پی ٹی آئی عمران خان کا فالو اپ چیک اپ کرنے کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی پمز آمد، آنکھوں کے علاج کیلئے دوسرا انجکشن لگایا گیا

یاد رہے کہ 24 فروری کو بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں دوسرے انجکشن کی فراہمی کے لیے اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا تھا جہاں ماہر ڈاکٹروں کے ایک خصوصی میڈیکل بورڈ نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ معائنے کے دوران عمران خان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے جن میں ایکو کارڈیو گرافی اور ای سی جی سمیت دیگر ضروری طبی جانچ شامل تھی، تمام ٹیسٹوں کے نتائج معمول کے مطابق آئے، جس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی مجموعی صحت کو تسلی بخش قرار دیا۔

طبی ماہرین کے مطابق دل اور دیگر اہم اعضا سے متعلق رپورٹس نارمل ہونے کے بعد آنکھوں کے علاج کا مرحلہ مکمل کیا گیا، آئی اسپیشلسٹس کی ٹیم نے عمران خان کو ان کی رضا مندی سے اینٹی وی ای جی ایف انٹراوٹریل انجکشن کی دوسری ڈوز دی تھی۔ 

ضرور پڑھیں