عمران خان کی پمز آمد، آنکھوں کے علاج کیلئے دوسرا انجکشن لگایا گیا
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان
عمران خان کو آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کو آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں دوسرے انجکشن کی فراہمی کے لیے گزشتہ روز اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق یہ منتقلی سیکیورٹی انتظامات کے تحت عمل میں لائی گئی، جہاں ماہر ڈاکٹروں کے ایک خصوصی میڈیکل بورڈ نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ معائنے کے دوران عمران خان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے جن میں ایکو کارڈیو گرافی اور ای سی جی سمیت دیگر ضروری طبی جانچ شامل تھی۔ تمام ٹیسٹوں کے نتائج معمول کے مطابق آئے، جس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی مجموعی صحت کو تسلی بخش قرار دیا۔ طبی ماہرین کے مطابق دل اور دیگر اہم اعضا سے متعلق رپورٹس نارمل ہونے کے بعد آنکھوں کے علاج کا مرحلہ مکمل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کے دوبارہ ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری

آئی اسپیشلسٹس کی ٹیم نے عمران خان کو ان کی رضا مندی سے اینٹی وی ای جی ایف انٹراوٹریل انجکشن کی دوسری ڈوز دی۔ یہ انجکشن آنکھوں کی مخصوص بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، خصوصاً ان کیسز میں جہاں ریٹینا یا نظر سے متعلق پیچیدگیاں درپیش ہوں۔ ڈاکٹروں کے مطابق یہ علاج مرحلہ وار کیا جاتا ہے اور مریض کی حالت کے مطابق انجکشن کی مزید خوراکیں بھی تجویز کی جا سکتی ہیں۔

ہسپتال میں قیام کے دوران عمران خان کی طبی حالت مستحکم رہی اور وہ عمومی طور پر صحت مند دکھائی دیے۔ میڈیکل بورڈ نے علاج کے بعد انہیں ضروری ادویات اور احتیاطی تدابیر پر مبنی تحریری ہدایات فراہم کیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں باقاعدہ فالو اپ چیک اپ کی بھی ہدایت کی تاکہ آنکھوں کی صحت کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔

تمام طبی مراحل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو اسی روز واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان کی منتقلی اور واپسی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کو درکار طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جا رہی۔

یاد رہے کہ عمران خان کو اس سے قبل بھی آنکھوں کے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، اور موجودہ انجکشن اسی علاج کا تسلسل ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی صحت اس وقت اطمینان بخش ہے اور وہ طبی نگرانی میں ہیں۔
 

ضرور پڑھیں