رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے خواتین کے لیے ڈیجیٹل انٹرن شپ پروگرام آغاز کیا گیا ہے جو چھ ماہ کی معاوضہ دار انٹرن شپ فراہم کرے گا، اس پروگرام کا مقصد خواتین کو ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبوں میں عملی تجربہ فراہم کرنا ہے۔
انٹرنز کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس، یو آئی، یو ایکس، ویب ڈویلپمنٹ، ایپلی کیشن ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائننگ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے اہم شعبوں میں عملی تجربہ فراہم کیا جائے گا جبکہ منتخب خواتین کو چھ ماہ کے دوران ماہانہ 30 ہزار روپے بطور وظیفہ دیے جائیں گے۔
پروگرام کے تحت انٹرنز کی خیبر پختونخوا کے آئی ٹی پارک کمپنیوں، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن یونٹ، اور خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ہیڈکوارٹرز میں تعیناتی کی جائے گی تاکہ وہ صنعت سے متعلقہ عملی تجربہ حاصل کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، مفت سم حاصل کرنے کا طریقہ جانیے
پروگرام کا مقصد خواتین کی ڈیجیٹل معیشت میں شمولیت بڑھانا، تکنیکی مہارتیں فروغ دینا اور ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی شعبوں میں پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
دلچسپی رکھنے والی خواتین امیدوار اپنی درخواستیں سرکاری پورٹل joinit.kp.gov.pk/list/jobs پر جمع کرا سکتی ہیں ، درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔