سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ احتجاجی مظاہرین کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آیا جائے، مظاہرین کے لیے افطار کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
میں نے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ مظاہرین کے احساسات کو سمجھا جائے اور ان کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آیا جائے۔ مظاہرین کے لیے افطار کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ ہر مسلمان اس وقت دکھی اور اشکبار ہے مگر اپنے ملک، اپنے شہروں میں امن و امان قائم رکھنا بھی ہم سب کا اولین…
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) March 1, 2026
مریم نواز نے مزید کہا کہ ہر مسلمان اس وقت دکھی اور اشکبار ہے مگر اپنے ملک، اپنے شہروں میں امن و امان قائم رکھنا بھی ہم سب کا اولین فرض ہے، اس فرض کی پاسداری کیجیے، دکھ کی اس گھڑی میں ہم سب ایک ہیں۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر حالیہ حملے اور سپریم لیڈر کی شہادت انتہائی افسوسناک ہیں، ہمیں اُس پر دلی رنج ہے،پاکستان نے ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی طریقے سے ایران کی حمایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی قونصلیٹ کے باہر فائرنگ، 10 افراد جاں بحق
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں بھی پاکستان نے واضح طور پر ایران کے خلاف حملے کی مذمت کی ہے، پاکستان کی مذہبی جماعتوں اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، ایسے میں اگر ہم اپنے ملک کے اندر احتجاج کو شدت میں بدلیں یا قانون کو ہاتھ میں لیں تو یہ دشمن کے منصوبوں کو فائدہ دے گا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے ہم اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں، احتجاج کو پرامن رکھیں اور ملک کے اندر کسی بھی قسم کی بدامنی یا نقصان سے بچیں، قومی اتحاد اور استحکام ہی اس وقت پاکستان کی اصل طاقت ہے۔