حکومت نے ملک بھر کے طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مفت آن لائن ٹیکنالوجی کورسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا جس کے تحت نوجوان آسانی سے گھر بیٹھے تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے سسکو نیٹ ورکنگ اکیڈمی کے اشتراک سے اس اہم پروگرام کو متعارف کرایا ہے، اس کا مقصد ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینا اور طلبہ کو عالمی معیار کی ٹیکنالوجی سے جوڑنا ہے، پروگرام کے تحت سائبر سیکیورٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور نیٹ ورکنگ جیسے اہم شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: میرا گھر میرا آشیانہ سکیم میں اہم تبدیلیاں کر دی گئیں
کورسز کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ طلبہ اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت سیکھ سکیں گے جبکہ ماہر اساتذہ کی راہنمائی بھی فراہم کی جائے گی تاکہ سیکھنے کا عمل مؤثر اور آسان رہے، کامیاب طلبہ کو ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ اور خصوصی بیچ جاری کیا جائے گا جس میں تصدیقی کوڈ شامل ہوگا۔
حکام کے مطابق داخلے کیلئے کم از کم نویں جماعت یا اس سے زیادہ تعلیم ضروری ہے جبکہ بنیادی تکنیکی معلومات بھی درکار ہوگی، ہر کورس میں کامیابی کے لیے 60 فیصد نمبر لازمی قرار دیئے گئے ہیں بصورت دیگر سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوگا اسکے علاؤہ مقررہ مدت میں کورس مکمل نہ کرنے والے طالبات کی رجسٹریشن ختم کر دی جائے گی۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔