خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کے مطابق عوام کو رمضان پیکج کے 12,500 روپے جاز کیش (Jazz Cash)کے ذریعے ملیں گے، تمام فہرستوں کی جانچ پڑتال جاری ہے، جلد ہی آپ کے شناختی کارڈ پر رقم منتقل کر دی جائے گی۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے رمضان پیکیج 2026ء کے مستحقین کے لیے عائد کردہ بینک اکاؤنٹ کی لازمی شرط کو باضابطہ طور پر ختم کر دیا۔ اس سلسلے میں صوبائی حکام کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بڑی شرط ختم، 12500 حاصل کرنے کا طریقہ جانیے
خیبرپختونخوا حکومت نے ضرورت مند خاندانوں کے لیے 12 ہزار 500 روپے مالی امداد کا اعلان کیا تھا، لیکن اس کے ساتھ ہی یہ شرط بھی رکھی تھی کہ تمام مستحقین کا بینک اکاؤنٹ ہونا لازمی ہے۔ اس فیصلے پر صوبے بھر سے سخت ردِعمل سامنے آیا ، جس میں شہریوں اور مقامی نمائندوں نے اسے ایک غیر حقیقت پسندانہ شرط قرار دیا تھا۔
دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے غریب خاندانوں کے لیے بینکنگ کی سہولیات تک رسائی ناممکن حد تک مشکل تھی جبکہ دیہاتوں میں رہنے والی اکثریت کے پاس نہ تو بینک اکاؤنٹس ہیں اور نہ ہی وہ بینکنگ کے پیچیدہ طریقہ کار سے واقف ہیں۔
حکومت نے رجسٹریشن کے عمل میں درج ذیل تبدیلیاں کی ہیں جس کے تحت اب مستحقین کو بینک اکاؤنٹ کے بجائے ان کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ (CNIC) اور موبائل فون نمبر کی بنیاد پر رجسٹر کیا جائے گا۔ اس فیصلے سے صوبے کے ہزاروں وہ خاندان بھی مستفید ہو سکیں گے، جو بینک اکاؤنٹ نہ ہونے کی وجہ سے امداد سے محروم ہونے کے خطرے سے دوچار تھے۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ نیا طریقہ کار شفافیت بڑھائے گا، زیادہ افراد تک مدد پہنچائے گا اور مالی امداد بروقت فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔