افغان طالبان ہلاکتیں 44 تک پہنچ گئیں: پاک فوج کی جوابی کارروائی جاری
فائل فوٹو
فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی مبینہ دراندازی کے بعد پاک فوج کی جانب سے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی جاری ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر افغان طالبان کی ہلاکتیں 44 تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ کرم سیکٹر کے قریب دشمن کے کئی اہم ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ جھڑپوں میں مزید 8 طالبان جنگجو مارے گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے جدید اسلحہ اور نگرانی کے نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے دشمن کی پیش قدمی کو ناکام بنایا۔ کرم سیکٹر اور ملحقہ سرحدی علاقوں میں فورسز ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی نئی جارحیت کا فوری جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان نے غلط اندازہ لگایا، پاکستان کا دوٹوک مؤقف

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گی۔ بلااشتعال فائرنگ اور سرحدی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت ردعمل جاری رہے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا اور متعدد جنگجو پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔

دفاعی مبصرین کے مطابق پاکستان نے ابتدا میں تحمل کا مظاہرہ کیا، تاہم دراندازی کی کوششوں کے بعد مؤثر کارروائی ناگزیر ہو گئی تھی۔ سیکیورٹی اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وطن عزیز کی ایک ایک انچ زمین کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا قومی سلامتی کا تقاضا ہے۔

ضرور پڑھیں