حکومت سندھ نے صوبے بھر میں نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے شیڈول میں ردوبدل کرتے ہوئے نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے، فیصلے کے مطابق دہم جماعت کے امتحانات اب 7 اپریل جبکہ نہم جماعت کے امتحانات 8 اپریل سے شروع ہوں گے اور اس کا اطلاق سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز پر یکساں طور پر ہوگا۔
حکام کے مطابق شیڈول میں تبدیلی جامعات و بورڈز کے محکمے کی ہدایت پر کی گئی جس میں واضح کیا گیا تھا کہ مقدس ہفتے اور ایسٹر کے دوران امتحانات منعقد نہ کیے جائیں، اس سے قبل امتحانات کا آغاز 31 مارچ سے ہونا تھا تاہم نئی ہدایات کے بعد تاریخوں پر نظر ثانی ضروری قرار دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب: سرکاری اسکولوں کو ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ
مزید بتایا گیا ہے کہ 2 اپریل سے 6 اپریل تک امتحانات کے انعقاد پر پابندی کے باعث تمام بورڈز کو اپنے پہلے سے جاری شیڈول میں ترمیم کرنا پڑی، متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کے تحت امتحانات بہتر نظم کے ساتھ ہوں گے۔