حاضری کے نظام کو جدید بنانے کیلئے موبائل ایپلیکیشن تیار کرنے کا فیصلہ
Mobile Attendance App
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں عملے کی حاضری کے نظام کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے موبائل ایپلیکیشن تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ کی جانب سے صوبے کے تمام مرد و خواتین ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (ڈی ای اوز) کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق ہر ضلع کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں اسکول عملے کی حاضری ریکارڈ اور مانیٹر کرنے کے لیے ایک مخصوص موبائل ایپ تیار کرے۔ اس اقدام کا مقصد اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری کی بروقت، درست اور قابلِ اعتماد نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔

محکمہ نے زور دیا ہے کہ مجوزہ ایپ میں جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی خیالات کو شامل کیا جائے تاکہ نظام شفاف، قابلِ بھروسا اور مؤثر بنایا جا سکے۔

سرکاری مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ حاضری کے نظام کے علاوہ ایپ میں چھٹیوں کے انتظام، اسکول وزٹس کی ٹریکنگ، اور رپورٹنگ و تجزیاتی ڈیش بورڈ جیسے فیچرز بھی شامل کیے جائیں۔

ان خصوصیات کے ذریعے منتظمین نہ صرف روزانہ حاضری بلکہ اساتذہ کی چھٹیوں کا ریکارڈ، اسکول دوروں کی تفصیلات اور مجموعی کارکردگی کی نگرانی بھی کر سکیں گے جس سے تعلیمی اداروں میں احتساب اور انتظامی کارکردگی بہتر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: کم عمر ڈرائیونگ پرمٹ کا اجرا یکم مارچ سے شروع ہوگا

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 دن کے اندر اپنی متعلقہ ایپ تیار کر کے جمع کروائیں۔ اس مقصد کے لیے ڈی ای اوز موجودہ عملے سے استفادہ کر سکتے ہیں یا آئی ٹی اور سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کی مہارت رکھنے والے اساتذہ و اہلکاروں کی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید برآں، ایپس کی تیاری کے بعد صوبہ بھر میں ایک مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔ بہترین ایپ کا انتخاب جدت، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، کراس پلیٹ فارم فعالیت، یوزر انٹرفیس ڈیزائن اور مجموعی صارف تجربے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

کامیاب قرار پانے والی ایپ کو صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں کے لیے باضابطہ حاضری ایپ کے طور پر نافذ کیا جائے گا جبکہ اسے تیار کرنے والی ٹیم کو انعام سے نوازا جائے گا۔

ضرور پڑھیں