محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ اور ڈرون اڑانے پر پابندی سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت آؤٹ ڈور ڈرون فلائنگ پر 30 روزہ کیلئے پابندی عائد کر دی، حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہے،ان ڈور تقریبات کے دوران ڈرون کے محفوظ استعمال کی مکمل طور پر ذمہ داری منتظمین پر عائد ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالفطر پر کتنی چھٹیاں ہوں گی؟
نوٹیفکیشن میں قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ اور ڈرون کے استعمال پر پابندی کا اطلاق 30 روز کے لئے کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، پنجاب بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو محکمہ داخلہ کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔