سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 34 خوارج جہنم واصل
سکیورٹی فورسز نے انڈین پراکسیز فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں 34 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) سکیورٹی فورسز نے انڈین پراکسیز فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں 34 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں گزشتہ چند روز کے دوران کی گئیں جو کہ انسداد دہشت گردی کی مسلسل مہم کا حصہ ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 24 فروری 2026 کو سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں چار الگ الگ کارروائیوں میں 26 خوارج کو جہنم واصل کیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے سمبازہ میں بھی کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا خیبرپختونخوا کے علاقے حسن خیل، شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی ، پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والا افغان دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 خوارج جہنم واصل ہوئے، بنوں کے علاقے نرمی خیل میں جھڑپ کے دوران 10 خوارج جہنم واصل جہنم ہوئے جبکہ میر علی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 12 خوارج انجام کو پہنچا دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کوہاٹ، داجل چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش حملہ، دو اہلکار شہید

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، عزمِ استحکام کے تحت ملک گیر انسداد دہشتگردی مہم پوری شدت سے جاری ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے متعدد کارروائیوں میں اپنی پیشہ وارانہ مہارت کی بدولت خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے 26 اور بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، دہشتگرد تنظیموں کے خلاف پاک افواج مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت ملک سے جلد دہشتگردی کا خاتمہ ہو گا، حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے 34 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، 34 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ قرار

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز پرعزم ہیں، قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 34 دہشتگردوں کا ہلاک ہونا قومی سلامتی کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں چار مختلف مقابلوں میں فتنہ الخوارج کے 26 دہشتگردوں کا انجام تک پہنچایا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری فورسز ہر محاذ پر چوکنا اور پُرعزم ہیں، بلوچستان کے علاقے سمبازہ، ژوب میں 8 دہشت گردوں کا خاتمہ دہشتگردی کے نیٹ ورکس کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر فساد پھیلانے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پیشہ وارانہ مہارت، جرات اور بروقت کارروائی سے ایک بار پھر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے، قوم کو اپنے محافظوں پر فخر ہے۔

وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے امن و استحکام کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ 

ضرور پڑھیں