اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں کی جلد سماعت کے لئے متفرق درخواستیں کل سماعت کے لیے مقرر کی ہیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل دو رکنی بنچ کل متفرق درخواست پر سماعت کرے گا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست میڈیکل بنیادوں پر بھی جلد سماعت کی درخواست دائر کی گئی تھی، اسلام آبائی کورٹ میں مرکزی کیس مقرر نہیں ہوا صرف متفرق درخواستیں کل کے لئے مقرر ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر آخری سماعت گزشتہ برس 26 ستمبر 2025 کو ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کیلئے درخواست دائر
ذہن نشین رہے کہ 17 جنوری 2025 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
اس کے علاوہ، عدالت نے بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنا دی تھی، جس کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر عمران خان کو مزید 6 ماہ جب کہ بشریٰ بی بی کو 3 ماہ کی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔