رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد و گردونواح، مالاکنڈ، تخت بھائی، مانسہرہ، بالاکوٹ، اوگی بفہ، بٹگرام، صوابی، پشاور، سوات، مظفرآباد اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اس کے علاوہ چترال، پنڈی گھیب ، سرگودھا اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ 4 بج کر 12 منٹ پر آیا، زلزلے کی شدت 5 اشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی ، زلزلےکا مزکز ہندوکش ریجن افغانستان جبکہ گہرائی 114 کلومیٹر زیر زمین تھی۔
زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات پر نکل آئے تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانے و مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا، مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ
ماہرین کے مطابق زمین کی سطح 3 بڑی پلیٹوں سے بنی ہوتی ہے، پہلی تہہ یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری کا نام اریبین ہے، زیر زمین حرارت جمع ہوتی رہتی ہے تو یہ پلیٹس ایک جگہ سے دوسری جگہ سرکتی ہیں جس سے زمین ہلنا شروع ہو جاتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔
خیال رہے کہ زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا 5 واں بڑا حساس ترین ملک شمار کیا جاتا ہے، پاکستان انڈین پلیٹ کی شمالی سرحد پر موجود ہے جہاں یہ یوریشین پلیٹ سے ملتی ہے، یوریشین پلیٹ کے نیچے دھنسنے اور انڈین پلیٹ کے آگے بڑھنے کا عمل لاکھوں سال سے جاری و ساری ہے۔
پاکستان کے 2 تہائی رقبے کے نیچے سے گزرنے والی تمام فالٹ لائنز متحرک ہیں جہاں کم یا درمیانے درجہ کا زلزلہ وقفے وقفے سے آتا رہتا ہے۔