خیبرپختونخوا : مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے،شہری خوفزدہ
صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

رپورٹ کے مطابق افطاری کے وقت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں دیر بالا، ایبٹ آباد، پشاور، بونیر، صوابی، ہری پور، شانگلہ، ضلع تورغر ، بٹگرام میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اسی طرح پنجاب کے علاقوں دیپالپور اور ضلع خوشاب و گردنواح بھی زلزلے کے جھٹکوں نے شہروں کو خوف وہراس میں مبتلا کر دیا تاہم خوش قسمتی سے کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق افغانستان کے ہندوکش ریجن میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 73 کلو میٹر تھی۔

زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات پر نکل آئے۔

یہ بھی پڑھیں: سوات اور چترال میں 5.2 شدت کا زلزلہ

ماہرین کے مطابق زمین کی سطح 3 بڑی پلیٹوں سے بنی ہوتی ہے، پہلی تہہ یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری کا نام اریبین ہے، زیر زمین حرارت جمع ہوتی رہتی ہے تو یہ پلیٹس ایک جگہ سے دوسری جگہ سرکتی ہیں جس سے زمین ہلنا شروع ہو جاتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔

خیال رہے کہ زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا 5 واں بڑا حساس ترین ملک شمار کیا جاتا ہے، پاکستان انڈین پلیٹ کی شمالی سرحد پر موجود ہے جہاں یہ یوریشین پلیٹ سے ملتی ہے، یوریشین پلیٹ کے نیچے دھنسنے اور انڈین پلیٹ کے آگے بڑھنے کا عمل لاکھوں سال سے جاری و ساری ہے۔

پاکستان کے 2 تہائی رقبے کے نیچے سے گزرنے والی تمام فالٹ لائنز متحرک ہیں جہاں کم یا درمیانے درجہ کا زلزلہ وقفے وقفے سے آتا رہتا ہے۔ 

ضرور پڑھیں