فروری 2024 میں ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
سپریم کورٹ میں دائر اپیل میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن ٹریبونل نے تکنیکی بنیاد پر ان کی درخواست خارج کی، ٹریبونل نے حقائق اور قانون کا درست جائزہ نہیں لیا۔
درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ فارم 45 میں تبدیلی انتخابات کی شفافیت کے آئینی تقاضے کے خلاف ہے، حتمی نتائج مرتب کرنے کیلئے امیدواروں کو نوٹس جاری کرنا قانونی تقاضا ہے، نتائج مرتب کرتے ہوئے کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 130: نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن درست قرار
ڈاکٹر یاسمین راشد نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں کامیاب قرار دیا جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن ٹریبونل نے لاہورکے حلقہ این اے 130 سے میاں نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن درست قرار دیا تھا، این اے 130 سے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے میاں نواز شریف کی کامیابی کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا تھا۔
ٹریبونل نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست تکینکی بنیادوں پر خارج کرتے ہوئے این اے 130 سے لیگی امیدوار میاں محمد نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن درست قرار دیا تھا۔