عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سات مقدمات میں ضمانتیں منظور
عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سات مقدمات میں ضمانتیں منظور کر لیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سات مقدمات میں ضمانتیں منظور کر لیں۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی کی چھ اور بشریٰ بی بی کی ایک ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

پراسیکوشن کی جانب سے راجہ نوید حسین کیانی، مظہر بشیر اور طاہر کاظم جبکہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر عدالت پیش ہوئے۔

دوران سماعت پراسکیوشن نے ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ضمانت کے حقدار نہیں، دونوں کی ضمانت کی درخواستیں خارج کی جائیں۔

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے مؤقف اپنایا کہ میرے اور عدالت کے کیرئیر میں ایسی ضمانت کی درخواستیں پہلی ہوں گی جن میں اتنی تاخیر ہو، 63 التوا اس کیس میں ریاست کو دیے گئے، 30 ایسے مواقع پر عدالت نے جیل حکام کو پیش کرنے کا حکم دیا مگر پیش نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی پمز آمد، آنکھوں کے علاج کیلئے دوسرا انجکشن لگایا گیا

وکیل بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 5 مرتبہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو شوکاز نوٹس جاری ہوئے، میڈیکل بنیادوں پر نہیں میرٹ پر ضمانت مانگ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی نو مئی کے علاوہ کبھی کوئی درخواست مسترد نہیں ہوئی۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ کچھ کیسز سرکار ڈرانے کے لئے بناتی ہے جس میں فرد جرم کبھی عائد نہیں ہوئی۔

بعدازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پچاس پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سات مقدمات میں ضمانتیں منظور کرلیں۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 9 مئی، آزادی مارچ ، اقدام قتل، توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور توشہ خانہ کی جعلی رسیدوں کے مقدمات درج ہیں جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی توشہ خانہ کی جعلی رسیدوں کے کیس میں تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ می نامزد ہیں۔ 

ضرور پڑھیں