انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حماد منصور نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ای وی اسکیم میں الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشوں پر دی جانے والی سبسڈی سے متعلق تفصیلات شیئر کی ہیں۔
حماد منصور نے بتایا کہ الیکٹرک موٹر سائیکل اسکیم میں آئندہ 5 برس کے لیے 100 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے جارہے ہیں، وزیراعظم کی جانب سے رواں مالی سال کے لیے 9 ارب روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت رواں برس ایک لاکھ 16 ہزار موٹر سائیکلوں پر 80 ہزار روپے فی موٹر سائیکل سبسڈی دی جائے گی، جب کہ الیکٹرک رکشہ اسکیم کے تحت ہر رکشے پر 4 لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفہ کیسے حاصل کر سکتی ہیں؟
سی ای او کا کہنا تھا کہ اسکیم کے تحت وزیراعظم ای وی بائیکس کی قیمت دیگر برانڈز سے 50 سے 60 ہزار سستی ہے، اس اسکیم کے تحت جون تک 76 ہزار موٹر سائیکل فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حماد منصور نے کہا کہ اس اسکیم سے صرف وہی مستفید ہو سکتے ہیں، جن کی عمر 18 سال سے زائد اور وہ ڈرائیور لائسنس بھی رکھتے ہیں۔
سی ای او انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی الیکٹرک موٹر سائیکل سکیم 100 فیصد شفاف ہے اور اس اسکیم کے تمام مراحل خودکار نظام سے منسلک ہیں، الیکٹرک موٹر سائیکل نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی باعث بنے گی بلکہ ہر ماہ پٹرول کی مد میں تقریباً 8 ہزار روپے کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔