پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی سہولت اور قانونی عمل میں شفافیت بڑھانے کے لیے اپنی 15 ایمرجنسی ہیلپ لائنز کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کے لیے جدید آن لائن ٹریکنگ سسٹم متعارف کروا دیا ہے۔ اب شہری گھر بیٹھے اپنی رجسٹرڈ درخواستوں کی پیش رفت دیکھ سکیں گے اور خواتین کو خصوصی سہولت بھی میسر ہوگی۔
حکام کے مطابق نئے نظام کے تحت ہر شکایت کے ایف آئی آر کے اندراج کے بعد متعلقہ شہری کو واٹس ایپ پیغام کے ذریعے اطلاع دی جائے گی جس میں ڈاون لوڈ لنک، ای ٹیگ نمبر اور دیگر ضروری تفصیلات شامل ہوں گی۔
شہری صارف نام اور پاس ورڈ کے ذریعے پورٹل میں لاگ ان کر کے اپنی شکایت کی موجودہ صورتحال ملاحظہ کر سکیں گے اور ایف آئی آر کی کاپی بھی ڈاون لوڈ کی جا سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب: سبز ٹریکٹر اسکیم کے تیسرے مرحلے کا آغاز
ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کے ساتھ مربوط یہ سہولت خواتین کو قانونی رہنمائی اور شکایات کی فالو اپ گھر بیٹھے حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ افسران شکایات کی پیش رفت کے دوران متاثرہ خواتین سے مسلسل رابطے میں رہیں گے تاکہ کسی بھی پیچیدگی یا اضافی مدد کی صورت میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
شہری اپنی شکایت کی حالتhttps://feedback.psca.gop.pk پر ملاحظہ کر سکتے ہیں جبکہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سے رابطہ کے لیے ہیلپ لائن نمبر 15 پر کال کر کے 2 دبانا ہو گا، اہلکار شہری کی شکایت کے ہر مرحلے کی تفصیل فراہم کریں گے تاکہ قانونی عمل میں شفافیت اور اعتماد قائم ہو۔