وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سبز ٹریکٹر اسکیم کے تیسرے مرحلے کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے جس کے بعد صوبے بھر میں کامیاب کسانوں میں ٹریکٹرز کی تقسیم کا عمل شروع ہو گیا ہے، اس مرحلے میں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے مستحق کاشتکاروں کا شفاف انتخاب مکمل کیا گیا۔
حکام کے مطابق اس مرحلے کیلئے 4 لاکھ 27 ہزار سے زائد کسانوں نے درخواستیں جمع کروائیں جن میں پانچ ایکڑ تک زمین رکھنے والے چھوٹے کاشتکار بھی بڑی تعداد میں شامل تھے۔
پروگرام کے تحت اس سے قبل بھی ہزاروں ٹریکٹرز تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ تیسرے مرحلے میں مزید 10 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے، یہ ٹریکٹرز 50 سے 65 ہارس پاور تک کی صلاحیت رکھتے ہیں جو مختلف فصلوں کی کاشت اور زمین کی تیاری میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: قریبی دکان سے 10000 کی رقم کیسے نکلوائی جاسکتی ہے؟
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے کامیاب کسانوں کو مبارکباد دی اور بعض افراد کو خود فون کر کے خوشخبری بھی سنائی جس سے کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
محکمہ زراعت کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں فی دس ہزار ایکڑ زمین پر ٹریکٹرز کی تعداد دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے جس کے باعث زرعی پیداوار متاثر ہوتی ہے اور سبز ٹریکٹر اسکیم اس کمی کو پورا کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے تاکہ کسان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں۔