وزیراعلیٰ پنجاب کا کسانوں کو مفت سرکاری زمین فراہم کرنے کا اعلان
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ اپریل سے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کے تحت کسانوں کو مفت سرکاری زمین فراہم کی جائے گی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ اپریل سے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کے تحت کسانوں کو مفت سرکاری زمین فراہم کی جائے گی۔

پروگرام کے تحت ‏ پنجاب کی تمام قابل کاشت سرکاری زمین کسانوں کو 10 سالہ لیز پر دی جائے گی، ہر کسان کو 5 ایکڑ زمین فراہم کی جائے گی۔

‏دوسری جانب "سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام فیز 3 کا افتتاح کر دیا گیا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قرعہ اندازی کی اور قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دی،وزیراعلیٰ مریم نواز نے قرعہ اندازی میں نام آنے والے خوش نصیب کاشتکاروں کو فون بھی کیا۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہاولپور کے کاشتکار حمزہ لیاقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی سی ایم مریم نواز بول رہی ہوں ، قرعہ اندازی میں آپ کا ٹریکٹر نکل آیا مبارک ہو۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ گرین ٹریکٹر سکیم آنے سے زرعی لینڈ سکیپ بدل رہا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کاشتکاروں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوزکی۔

یہ بھی پڑھیں: فی خاندان 10ہزار کی تقسیم کے حوالے سے اہم اعلان

اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا کہ سی ایم گرین ٹریکٹر سکیم کے تیسرے فیز کے لئے 4 لاکھ 27 ہزار پانچ ایکڑ کے مالک کاشتکاروں نے اپلائی کیا، پچھلے پانچ سالوں میں پاکستان میں ٹریکٹرز کی قیمتیں دگنی سے زیادہ ہو ئی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ2024 میں پنجاب حکومت نے زرعی مشینری کے استعمال پر خصوصی توجہ دی، سی ایم گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت کے دو فیز مکمل جبکہ 21 ہزار ٹریکٹر دیے جا چکے ہیں، سی ایم ٹریکٹر سکیم کے 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار مزید ٹریکٹر دیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں 10 ہزار ایکڑ اراضی پر 140 ٹریکٹر ہیں جو دیگر ممالک کے تناسب میں پچاس فیصد سے بھی کم ہے،پنجاب کی زرعی معیشت میں ٹریکٹر سب سے اہم مشین ہے، قیمتوں میں مسلسل اضافے نے چھوٹے سے درمیانے کسانوں کے لیے مکمل قیمت پر ٹریکٹر خریدنا دشوار بن گیا تھا۔  

ضرور پڑھیں