بنوں: سیکیورٹی قافلے پر حملہ، لیفٹننٹ کرنل سمیت 2 اہلکار شہید
آئی ایس پی آر
حملہ اس وقت کیا گیا جب ایک خودکش بمبار سمیت خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جا رہا تھا/ فائل فوٹو
راولپنڈی (سنو نیوز): ضلع بنوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر بزدلانہ حملے میں لیفٹننٹ کرنل شہزادہ گل فراز سمیت 2 اہلکار شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 5 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب ایک خودکش بمبار سمیت خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جا رہا تھا، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج نے قافلے کو نشانہ بنایا، آپریسن کے نتیجے میں خودکش بمبار کو بروقت روک لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: چیک پوسٹ پر دھماکا، 11 جوان شہید، 12 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے بنوں شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا، خارجی دہشتگردوں نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دی گئی، لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج رمضان کے مقدس مہینے میں بھی دہشت گردی سے باز نہ آئے، افغان سرزمین کا پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، “عزمِ استحکام” کے تحت انسدادِ دہشت گردی آپریشن پوری قوت سے جاری ہے۔

 دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع بنوں میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی اور پاکستان فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے شہداء کی بلند درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ شہباز شریف نے فتنتہ الخوارج کے مزموم عزائم ناکام بناتے ہوئے فتنتہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی اور کہا کہ فتنتہ الخوارج کی جانب سے رمضان کے بابرکت مہینے میں دہشت گردی کی کوشش اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر جو بڑے نقصان سے بچایا، عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

ضرور پڑھیں