نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی اس وقت نازک مرحلے سے گزر رہی ہے، اندرونی اختلافات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ پارٹی نظم و ضبط کو مقدم رکھیں اور ایسے بیانات سے گریز کریں جو اختلافات کو ہوا دے سکتے ہوں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے حالیہ ویڈیو بیان میں معذرت کر کے بڑے پن کا مظاہرہ کیا جو مثبت پیش رفت ہے، پارٹی قیادت تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتی ہے تاکہ اتحاد اور یکجہتی برقرار رہے۔
یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے معافی مانگ لی
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں پارٹی کی اولین ترجیح عمران خان کی رہائی ہونی چاہیے، تمام رہنماؤں کو اسی مقصد پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے، قیادت باہمی مشاورت سے فیصلے کرے گی۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس بیان کے بعد پارٹی کے اندر پائے جانے والے اختلافات میں کمی آنے کی توقع ہے، جبکہ قیادت اتحاد کا پیغام دے رہی ہے۔