ہرجانہ کیس: عمران خان کی درخواست پر کارروائی روک دی
سپریم کورٹ
سپریم کورٹ نے شہباز شریف ہر جانہ کیس میں عمران خان کی درخواست پر ٹرائل کورٹ کو کاروائی سے روک دیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (سنو نیوز): سپریم کورٹ نے شہباز شریف ہر جانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر ٹرائل کورٹ کو کاروائی سے روک دیا۔ عدالت نے شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے شہباز شریف ہرجانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر حکم امتناع جاری کیا۔ بینچ میں جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل تھے۔

جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ اس مقدمہ میں میرا اختلافی نوٹ ہے، دو جج صاحبان نے حق دفاع ختم کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیا تھا۔ وکیل علی ظفر نے موقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ٹانگ میں گولی لگی تھی، عمران خان زخمی ہونے کے باعث کیس میں پیش نہ ہوسکے، ٹرائل کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی عدم پیروی پر حق دفاع کر دیا، اب مقدمہ میں شہادتیں ریکارڈ ہو رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد فلسطینی ریاست کا قیام پائیدار امن کیلئے ناگزیر ہے: وزیراعظم

جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ کتنے ارب ہرجانے کا دعوی ہے ؟ جس پر وکیل علی ظفر نے کہا کہ دس ارب روپے کا دعوی کیا گیا۔ جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے حق دفاع ختم کرنے سے پہلے دو تاریخوں پر بانی کا زخمی ہونا تسلیم کیا، زخمی ہونا تسلیم کرنے کے بعد حق دفاع کیسے ختم کیا جا سکتا ہے ؟ ہم مقدمہ میں دوسرے فریق کو نوٹس کر رہے ہیں۔

سپریم کورٹ نے شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے کہا کہ کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کی جائے گا، دوسری طرف سے آج کوئی نہیں آیا۔

یاد رہے شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10 ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہوا، ٹرائل کورٹ نے بانی پی ٹی دفاع کا حق ختم کر دیا تھا۔ ٹرائل کورٹ میں کیس شہادتوں پر پہنچا ہوا ہے۔
 

ضرور پڑھیں