سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر نے کہا یہ حوصلہ افزا ءہے عمران خان کی نظر میں حیرت انگیز بہتری ہوئی ہے،ڈاکٹر ندیم قریشی کا نام ڈاکٹر عاصم یوسف سے پوچھ کر ہم نے ہی دیا تھا۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے بتایا ہے بانی پی ٹی آئی چند ہفتے پہلے دیوار پر لگی گھڑی نہیں دیکھ سکتے تھے،ڈاکٹر نے بتایا کہ کل کی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ گھڑی نظر آرہی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ گھڑی کی سوئی بھی نظر آرہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ کے معائنے سے متعلق رپورٹ بھی سامنے آئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق 73 سالہ عمران احمدخان نیازی کا 15 فروری 2026 کو میڈیکل بورڈ کے ذریعے تفصیلی طبی معائنہ مکمل کیا گیا، میڈیکل بورڈ میں الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور پمز کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی صحت کا معاملہ، ذاتی معالج کا اہم بیان آگیا
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کی آنکھ کی سنٹرل میکیولر تھکنس 550 سے کم ہو کر 350 ہوئی جو نمایاں بہتری ہے، متاثرہ دائیں آنکھ کی بینائی 6/36 سے بہتر ہو کر 6/9 ہوئی ہے، جو موجودہ مرحلے پر تسلی بخش ہے، بغیر عینک دائیں آنکھ کی بینائی 6/24 اور بائیں آنکھ کی 6/9 ریکارڈ کی گئی، عینک کے ساتھ دائیں آنکھ 6/9 جبکہ بائیں آنکھ 6/6 ہو گئی ہے۔
میڈیکل رپورٹ میں عمران خان کی آنکھوں کی موجودہ میڈیکل کنڈیشن کی تمام تفصیل شامل کی گئی ہے، میڈیکل بورڈ نے رپورٹ میں آئندہ کا علاج اور ادویات بھی تجویز کی ہیں، نیواناک آئی ڈراپس دونوں آنکھوں کیلئے جبکہ کو-سوپٹ آئی ڈراپس صرف دائیں آنکھ کیلئے روزانہ دو بار جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح سسٹین الٹرا آئی ڈراپس دونوں آنکھوں کیلئے دن میں تین بار استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اینٹی-VEGF انجکشن کی دوسری خوراک شیڈول کے مطابق دینے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ مزید تشخیص کیلئے او سی ٹی اینجیو گرافی اور اینٹی VEGF مکمل ہونے کے بعد ایف ایف اے ٹیسٹ کی ہدایت کی گئی ہے۔