رپورٹ کے مطابق شوکت خانم ہسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عاصم یوسف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طبیعت میں بہتری کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مجھے، ڈاکٹر فیصل سلطان یا بانی کی فیملی کے نامزد ڈاکٹرز کو معاملہ دیکھنے دے۔
اپنے بیان میں ڈاکٹر عاصم یوسف کا کہنا تھا کہ کل رات پونے دس بجے میری اسلام آباد کے دو ڈاکٹرز سے بات ہوئی ہے، ڈاکٹرز بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ کی تکلیف کا علاج کر رہے ہیں، میری ڈاکٹرز کے ساتھ گفتگو 40 منٹ تک جاری رہی، گفتگو میں میرے ساتھ لاہور سے ڈاکٹر خرم اعظم مرزا بھی شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آ گئی
ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا کہ دونوں ڈاکٹرز نے مجھے بانی پی ٹی آئی کے علاج، ٹیسٹ، آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا، ڈاکٹرز نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے، ڈاکٹرز نے یہ بھی بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی بینائی میں بہتری آئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افسوس ہے میں خود عمران خان کی صحت میں بہتری کی تصدیق یا تردید نہیں کرسکتا، گزارش ہے حکومت مجھے، ڈاکٹر فیصل سلطان یا بانی پی ٹی آئی کی فیملی کے نامزد ڈاکٹرز کو معاملہ دیکھنے کی اجازت دے۔