عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آ گئی
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آگئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آگئی۔

73 سالہ عمران احمدخان نیازی کا 15 فروری 2026 کو میڈیکل بورڈ کے ذریعے تفصیلی طبی معائنہ مکمل کیا گیا، میڈیکل بورڈ میں الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور پمز کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان شامل تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کی آنکھ کی سنٹرل میکیولر تھکنس 550 سے کم ہو کر 350 ہوئی جو نمایاں بہتری ہے، متاثرہ دائیں آنکھ کی بینائی 6/36 سے بہتر ہو کر 6/9 ہوئی ہے، جو موجودہ مرحلے پر تسلی بخش ہے، بغیر عینک دائیں آنکھ کی بینائی 6/24 اور بائیں آنکھ کی 6/9 ریکارڈ کی گئی، عینک کے ساتھ دائیں آنکھ 6/9 جبکہ بائیں آنکھ 6/6 ہو گئی ہے۔

میڈیکل رپورٹ میں عمران خان کی آنکھوں کی موجودہ میڈیکل کنڈیشن کی تمام تفصیل شامل کی گئی ہے، میڈیکل بورڈ نے رپورٹ میں آئندہ کا علاج اور ادویات بھی تجویز کی ہیں، نیواناک آئی ڈراپس دونوں آنکھوں کیلئے جبکہ کو-سوپٹ آئی ڈراپس صرف دائیں آنکھ کیلئے روزانہ دو بار جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ ٹو کیس، عمران خان کی درخواست پراعتراض عائد

اسی طرح سسٹین الٹرا آئی ڈراپس دونوں آنکھوں کیلئے دن میں تین بار استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اینٹی-VEGF انجکشن کی دوسری خوراک شیڈول کے مطابق دینے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ مزید تشخیص کیلئے او سی ٹی اینجیو گرافی اور اینٹی VEGF مکمل ہونے کے بعد ایف ایف اے ٹیسٹ کی ہدایت کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق میڈیکل بورڈ کے دورہ اڈیالہ جیل کے بعد بیرسٹر گوہر خان اور علامہ راجہ ناصر عباس نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا جہاں طبی ماہرین نے انہیں عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، عمران خان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر خرم مرزا کو بھی فون پر بریفنگ دی گئی۔

پارٹی رہنماؤں اور ذاتی معالجین نے بانی کے جاری علاج اور فالو اپ پلان پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا، بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اپ کی رپورٹ دونوں ڈاکٹروں کے دستخط سے جاری کی گئی ہے۔