علی حسن زہری بلوچستان کابینہ سے برطرف، نوٹیفکیشن جاری
صوبائی وزیر زراعت و صدر مملکت آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی علی حسن زہری کو بلوچستان کابینہ سے برطرف کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر زراعت و صدر مملکت آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی علی حسن زہری کو بلوچستان کابینہ سے برطرف کر دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ایڈوائس پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے علی حسن زہری کی کابینہ سے برطرفی کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی۔

گورنر بلوچستان کی منظوری کے بعد چیف سیکرٹری نے علی حسن زہری کی بلوچستان کابینہ سے برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

ذرائع نے اس فیصلے کے بعد صوبائی کابینہ میں مزید ردوبدل کا امکان بھی ظاہر کیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

سیاسی حلقوں میں اس اقدام کو اہم قرار دیا جا رہا ہے اور اسے بلوچستان حکومت کی پالیسیوں اورانتظامی معاملات سے جوڑا جا رہا ہے، حکومتی ذرائع کے مطابق آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منظور

یاد رہے کہ وزیراعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی صوبائی وزیر زراعت علی حسن زہری کے درمیان سرکاری ملازموں کی بھرتیوں اور افسران کے تقرر و تبادلوں کے معاملے پر اختلافات سامنے آئے تھے۔

خیال رہے کہ علی حسن زہری کا شمار صدر آصف علی زرداری کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے اور کچھ عرصہ قبل ہی پہلی بار کراچی سے متصل بلوچستان کے شہر حب سے بلوچستان اسمبلی کے رکن بنے، ان کی اہلیہ اور ہمشیرہ بھی بلوچستان سے سینیٹرز ہیں۔