تمام ڈگری پروگرامز میں اے آئی کے نفاذ کا فیصلہ جاری
HEC AI course policy
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی جامعات میں ہر ڈگری پروگرام میں مصنوعی ذہانت کا مضمون شامل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی سرکاری و نجی جامعات کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ تمام انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مشتمل تین کریڈٹ آورز کا کورس لازمی شامل کیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق یہ اقدام تیزی سے بدلتی عالمی تعلیمی اور ٹیکنالوجی فضا کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے جہاں مصنوعی ذہانت مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے، کمیشن کا کہنا ہے کہ طلبہ کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔

جامعات کے سربراہان کو ارسال کیے گئے مراسلے میں واضح کیا گیا کہ اس کورس کے ذریعے طلبہ کو ڈیجیٹل خواندگی، ڈیٹا پرائیویسی، اخلاقی ذمہ داری اور سماجی اثرات جیسے اہم پہلوؤں سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ وہ عملی میدان میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم یوتھ فری لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے نئی اہلیت کا اعلان

مزید بتایا گیا ہے کہ جامعات اس مضمون کو بطور لازمی و اختیاری کورس یا پروگرام کے اندر معاون مضمون کے طور پر شامل کر سکتی ہیں، نصاب میں بنیادی تصورات، عملی اطلاق اور اخلاقی تقاضوں کو لازمی جزو بنایا جائے گا جبکہ پروگرام کی نوعیت کے مطابق مواد میں رد و بدل کی گنجائش بھی دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق یہ نیا نظام خزاں 2026 کے تعلیمی سیشن سے نافذ العمل ہوگا، ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ قدم نہ صرف طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گا بلکہ ملکی معیشت کو بھی عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔