عمران خان کی رہائی کیلئے رہائی فورس کیسے کام کرے گی؟
PTI release force movement
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے احتجاجی حکمت عملی میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے۔

نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے واضح کیا کہ احتجاج ختم کرنے کیلئے کسی قسم کا بیک ڈور رابطہ نہیں ہوا، بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی رہائی کیلئے رہائی فورس قائم کی جائے گی جو اسٹریٹ موومنٹ کے تحت کام کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ فورس کسی سیاسی ونگ کے طور پر کام نہیں کرے گی بلکہ ایک منظم عوامی تحریک کی شکل اختیار کرے گی، اس فورس میں شمولیت کیلئے باقاعدہ رکنیت دی جائے گی اور ارکان سے حلف بھی لیا جائے گا، کوئی بھی شہری اس کا حصہ بن سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان سے ڈیل؟ وفاقی وزیراطلاعات نے واضح کردیا

معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ اس فورس کا مقصد صرف عمران خان کی رہائی ہے، جیسے ہی یہ ہدف حاصل ہوگا، فورس کو ختم کر دیا جائے گا، تحریک کا دائرہ کار پرامن ہوگا اور اسے آئینی و قانونی حدود میں رکھا جائے گا۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد صوبائی اور قومی سیاست میں نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے، آنے والے دنوں میں اس حکمت عملی کے عملی خدوخال مزید واضح ہوں گے۔