کراچی: رہائشی عمارت کی چھت گرگئی، 11 افراد جاں بحق
کراچی سولجر بازار
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ عمارت کی بالائی منزل کی چھت زمین بوس ہو گئی/ فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) کراچی کے علاقے سولجر بازار میں واقع ایک رہائشی عمارت میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔ واقعے نے پورے شہر کو سوگ میں ڈبو دیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ عمارت کی بالائی منزل کی چھت زمین بوس ہو گئی، جس کے نتیجے میں زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قبل عمارت کے اندر گیس کی بو محسوس کی جا رہی تھی، تاہم کسی کو یہ اندازہ نہیں تھا کہ صورتحال اتنی سنگین شکل اختیار کر لے گی۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ واقعے کے فوری بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مکین گھروں سے باہر نکل آئے۔

یہ بھی پڑھیں: گیس فراہمی کا نیا شیڈول جاری

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ اربن سرچ اینڈ ریسکیو (USR) کی خصوصی ٹیموں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے فوری سرچ آپریشن شروع کیا جو تاحال جاری ہے۔ ریسکیو اہلکار جدید آلات اور ہیوی مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹا رہے ہیں جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی پرانی اور خستہ حال عمارتوں کا فوری سروے کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔