رمضان المبارک: گیس فراہمی کا نیا شیڈول جاری
سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے رمضان 2026 کے لیے گیس فراہمی کے اوقات کار جاری کر دیے۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے رمضان 2026 کے لیے گیس فراہمی کے اوقات کار جاری کر دیے۔

ترجمان ایس ایس جی سی نے کہا ہے کہ سوئی سدرن رمضان المبارک میں سحر و افطار کے لیے گیس کی بہترین دستیابی یقینی بنائے گی، رمضان 1447 ہجری میں صبح 3 بجے سے رات ساڑھے 10بجے تک گیس کی بلاتعطل فراہمی جاری رہے گی۔

ایس ایس جی سی ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے رمضان المبارک میں اضافی گیس فراہمی ممکن بنائی گئی، گیس کے ملکی ذخائر میں سالانہ 10 فیصد کمی ہوئی ہے لہذا صارفین سے محتاط استعمال کی اپیل کی جاتی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کم پریشر یا بندش کی صورت میں 1199 ہیلپ لائن پر فوری رابطہ کریں، کمپریسر استعمال کرنے والوں کو جرمانہ اور قید سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ ان کا کنکشن بھی منقطع کر دیا جائے گا۔

سوئی سدرن نے صارفین سے گیس کے ذمہ دارانہ استعمال کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بلا ضرورت چولہا جلتا نہ چھوڑیں۔

یہ بھی پڑھیں: سوئی ناردرن کا رمضان میں گیس فراہمی کا شیڈول جاری

یاد رہے کہ گزشتہ روز سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی (ایس این جی پی ایل) نے رمضان ا لمبارک میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کا شیڈول جاری کیا تھا۔

ترجمان ایس این جی پی ایل نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کو صبح 3 بجے سے رات ساڑھے 10 بجے تک گیس فراہم ہو گی۔

کمپنی ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ شیڈول خصوصی طور پر ماہ صیام کے دوران سحر اور افطار کے اوقات میں صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ روزہ داروں کو کھانا پکانے اور دیگر گھریلو ضروریات میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔