ذرائع کا بتانا ہے کہ پنجاب ایئر لائن کی پہلی فلائٹ اپریل سے شروع ہو گی، پنجاب ایئر لائن کے لیے پہلے مرحلے میں 7 جہاز خریدے جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں 2 سال تک صرف ڈومیسٹک فلائٹس چلائی جائیں گی، دو سال بعد پنجاب ایئرلائن انٹرنیشنل فلائٹس بھی شروع کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ کے جہاز کو منافع بخش بنانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سرکاری سفر کے لیے پنجاب ایئرلائن کے جہاز استعمال کریں گی ، وزیراعلیٰ کے لیے الگ خصوصی جہاز نہیں خریدا جائے گا، جو نئے جہاز خریدے جائیں گے وہ مسافروں اور وزیراعلیٰ دونوں کے استعمال میں آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے عمران خان کی ضمانت کیخلاف اپیلیں واپس لے لیں
حکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب، پنجاب ایئرلائن کے جہازوں میں سے ایک جہاز استعمال کریں گی، جب وزیر اعلیٰ کوئی جہاز پنجاب ائیر لائن کا استعمال کریں گی تو اُس کا کرایہ دیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب کے موجودہ ہیلی کاپٹر کو بھی پنجاب ایئرلائن کا حصہ بنایا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے قومی خزانے پر اضافی بوجھ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے، موجودہ اور نئے جہازوں کو مکمل طور پر منافع کے حصول کے لیے استعمال کیا جائے گا۔